سرینگر ؍ کشمیر نیوز بیورو ؍ریاست جموں و کشمیر میں ۲۰۱۱ عیسوی میں نیشنل سکل ڈیولپمنٹ کارپوریشن ( این ایس ڈی سی ) باضابطہ متعارف کیا گیا۔اس ادارے کا مقصد ان نوجوانوں میں موجود کسی فن یا حرفت کومزید اُبھارنے کی کوششیں کرنا ہے جو اپنے محدود وسائل کی بناء پر یا اس حوالے کم آگاہی کی وجہ سے دوسری ریاستوں میں مختلف کمپنیوں میں اپنے ہنر کا استعمال نہیں کرسکتے تھے۔این ایس ڈی نے مختلف غیر سرکاری تنظیموں کی مدد سے ریاست اور ریاست کے باہر ان نوجوانوں کی باضابطہ تربیت شروع کی جن نوجوانوں میں ہنر کی کمی تھی۔اس حوالے کشمیر نیوز بیورو کے نمائندہ نے سوپور میں ایسے مراکز کا دورہ کیا۔ان مراکز میں دو شعبوں میں نوجوانوں کو تربیت دی جاتی ہے جن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور فیشن ڈیزائننگ شامل ہیں۔ان کورسوں کی معیاد تین سے چھ مہینے کی ہے اور ان کورسوں کو مکمل کرنے کے بعد ان کو مختلف آئی ٹی سنٹروں میں بھیجا جاتاہے۔اس کے علاوہ ان تربیت یافتہ نوجوانوں کو مختلف شاپنگ مالوں میں بھی بھیجا جاتا ہے۔فیشن ڈیزائننگ میں تربیت یافتہ نوجوان خود بھی اپنی دکان شروع کرتے ہیں ۔ان اداروں میں زیادہ تر وہ نوجوان تربیت حاصل کرنے آتے ہیں جو سکولوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پاتے ہیں ، نتیجے کے طور پر وہ ایک اچھی تنخواہ والی نوکری حاصل نہیں کر پاتے ہیں ۔لیکن ان اداروں سے بہتر تربیت پانے کے بعد نہ صرف وہ ریاست میں کام کاج حاصل کر پاتے ہیں بلکہ باہر کی ریاستوں میں بھی اپنے ہنر کی وجہ سے ایک مقام حاصل کر پاتے ہیں۔شیخ ؑ عادل کا کہنا ہے کہ ان اداروں میں نوجوان مختلف ہنر سیکھ جاتے ہیں اور ان میں نئی صلاحیتیں بھی پیدا ہوجاتی ہیں۔ان اداروں میں انگریزی زبان بھی سکھائی جاتی ہے جس کی وجہ سے تربیت یافتہ نوجوان بات چیت کرنے میں بھی ماہر ہوجاتے ہیں ۔ان اداروں میں رہائش کی سہولیتیں بھی رکھی گئیں ہیں تاکہ دور دراز علاقوں سے آئے نوجوانوں کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔یہاں تک کہ سفر خرچہ بھی دیا جاتا ہے۔ادارے میں تربیت حاصل کرنے والی ایک لڑکی کا کہنا تھا کہ میں بہت خوش ہوں کیونکہ یہاں مفت تربیت فراہم کی جاتی ہے اور یہاں تک کہ تربیت حاصل کرنے کے بعد اپنا گروپ بنانے کے لئے حتی المقدور معاونت بھی کی جاتی ہے۔
2018-01-04
Comments are closed, but trackbacks and pingbacks are open.