ایجنسی غیر جانبدار انہ تحقیقات کرے گی: ویری کا اسمبلی میں اعلان
سرینگر ؍ کشمیر نیوز بیورو ؍ سرکار نے آٹھ سالہ آصفہ کا جنسی زیادتی اور قتل کا معاملہ کرائم برانچ کو سپرد کردیا ہے۔اس بات کا اعلان آج اسمبلی میں پارلیمانی امور کے وزیر عبدالرحمان ویری نے کیا۔کشمیر نیوز بیورو کے مطابق پچھلے ہفتے ضلع کٹھوعہ میں ہوئے آٹھ سالہ آصفہ کے اغوا ، جنسی زیادتی اور قتل کا معاملہ ریاستی سرکار نے تحقیقات کیلئے کرائم برانچ کو سپرد کردیا ہے۔اس بات کا اعلان ریاست کے پارلیمانی امور کے وزیر عبدالرحمان ویری نے اسمبلی میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ایجنسی اس معاملے کا نئے سرے سے تحقیقات کرے گی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ آٹھ سالہ آصفہ بانو کو ۱۰؍جنوری کو اغوا کیا گیا تھا اور ۱۷؍جنوری کو اسکی لاش نزدیکی گاٗوں ہیرا نگر کے راسنا گاؤں میں پائی گئی تھی۔اس حوالے ریاستی اسمبلی میں ممبران نے مزید تحقیقات اور کاروائی کا مطالبہ کیا کیونکہ بقول ان کے مقامی پولیس معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی ہے اور اس کیس کے حوالے نا معلوم وجوہات کی بنأ پر ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔ممبران کے شور اُٹھانے کے بعد سرکار نے مقامی پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او کو ٖ ٖفوری طور معطل کیا گیاہے۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کرنے کی مانگ کو لے کر علاقے میں زبردست احتجاج اور مظاہرے ہوئے تھے جس کی سربراہی علاقے کے معروف سماجی کارکن چودھری طالب حسین کر رہے تھے اور جنہیں بعد میں پولیس نے گرفتار کرلیا۔ان کی گرفتاری کے معاملے کو لیکر بھی اسمبلی اور اسمبلی سے باہر احتجاج ہوا تھا۔اس دوران کشمیر نیوز بیورو کے مطابق ڈگری کاکالج پونچھ میں طلبا نے آصفہ کو انصاف ملنے کے حق میں منگلوار کو احتجاج کیا۔
2018-01-23
Comments are closed, but trackbacks and pingbacks are open.