سرینگر کشمیر نیوز بیورو ؍ جموں و کشمیر ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن نے سرکار کے ایکریڈیٹڈ صحافیوں کو میڈیکل انشورنس پالیسی اور دیگر مراعات دینے کے فیصلے پر اپنی آراء ظاہر کرتے ہوئے اس بات پرناراضگی جتائی ہے کہ اس شعبے میں کام کرنے والے دیگرسینکڑوں صحافیوں کا کوئی خیال نہیں رکھا گیا ہے۔کشمیر نیوز بیورو کے مطابق ایسوسی ایشن نے اس بات پر اپنی خوشی کا اظہار کیا ہے کہ ایکریڈیٹڈ صحافیوں کو میڈیکل و دیگر پالیسیوں کے تحت لایا گیا ہے مگر وہیں اس بات پر بھی حیرانگی ظاہر کی ہے کہ اس شعبے میں اپنی خدمات انجام دینے والے دوسرے صحافیوں کو ان مراعات سے مبرا رکھا گیا ہے۔ایسوسی ایشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جہاں ایکریڈیٹڈ صحافی وقتاً فوقتاًسرکار سے کئی طرح کے مراعات حاصل کر رہے ہیں وہیں دیگر صحافیوں کو سرکار نظر انداز کر رہی ہے۔ایسوسی ایشن نے اس حوالے حکومت سے ایکریڈیٹڈ پالیسی کو نئے سرے سے ترتیب دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ اس شعبے سے وابستہ سبھی افراد سرکاری مراعات کا حق حاصل کریں۔ایسوسی ایشن کے صدر اعجاز احمد وار نے سرکار سے پُر زور مطالبہ کیا کہ اس شعبے سے تعلق رکھنے والے رپورٹروں اورفوٹو گرافروں کو بھی اس حوالے مراعات لینے کا حق دیا جائے کیونکہ ان کو سات سال سے بھی زیادہ عرصہ اس صحرا نوردی میں گذرا ہے۔ان مسایل کو زیر بحث لانے کے لئے ایسوسی ایشن کی طرف سے ایک اہم میٹنگ طلب کی گئی تھی جس میں تنظیم کے صدراعجاز احمد وار کے علاوہ ایسوسی ایشن کے ترجمان اعلیٰ رمیض مخدومی،نائب صدر بلال فرقانی،خزانچی بلال بشیر بٹ اور آرگنائزرمجید کپرا نے بھی شمولیت کی اور ان مسائل پر سیر حاصل بحث کی گئی۔
2018-01-13
Comments are closed, but trackbacks and pingbacks are open.